اسحاق ڈار کا ایران، امریکہ مذاکرات میں اہم پیشرفت کا اشارہ
ہم صدر ٹرمپ کی قیادت،مذاکرات و سفارت کاری کے لیے ان کے عزم کو سراہتے ہیں
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکہ، ایران مذاکرات میں اہم پیشرفت کا اشارہ دیا ہے۔
پوسٹ میں انھوں نے بتایا کہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی، قطر، مصر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے رہنماؤں کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جو ’خطے میں امن، استحکام اور جلد سفارتی حل کے مشترکہ مقصد کی جانب ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔‘
اسحاق ڈار نے لکھا کہ ’ہم صدر ٹرمپ کی قیادت اور مذاکرات و سفارت کاری کے لیے ان کے عزم کو سراہتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے نائب امریکی صدر جے ڈی وینس، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور پوری امریکی ٹیم کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ’مسلسل شمولیت کے باعث جاری مذاکرات میں با معنی پیش رفت ہوئی۔‘
اسحاق ڈار نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور سپیکر محمد باقر قالیباف سمیت ایرانی قیادت کی مذکرات میں ’تعمیری شمولیت‘ کو بھی سراہا اور ’امن کے لیے کوششیں آگے بڑھانے‘ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیر اعظم نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ 28 فروری (جس روز امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا) کے بعد سے ان کا سعودی عرب، ترکی، مصر اور قطر سمیت دیگر ممالک سے رابطہ رہا، جن کی ’تعمیری شمولیت اور حمایت نے اس حتمی نتیجے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی ’اس حساس اور نتیجہ خیز عمل کے دوران مرکزی کردار‘ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے لکھا کہ مذاکرات سے جو کچھ حاصل ہوا اس سے امید ملتی ہے کہ ’ایک مثبت اور پائیدار نتیجہ دسترس میں ہے۔