پی ٹی آئی کا پارلیمانی اجلاس، ناراض اراکین غیر حاضر،کوئی 2 نام بتادیں، شفیع جان

اگر فاروڈ بلاک بنے گا تو لوگ سامنے آئیں گے، کوئی 20 تو کوئی 50 ایم پی ایز کی بات کر رہا ہے، کسی کے پاس ایک نام نہیں، گفتگو

May 31, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ناراض اراکین نے شرکت نہیں کی۔ 92 اراکین پر مشتمل پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 25 سے زائد اراکین غیر حاضر رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدرارت ہونے والے اجلاس میں علی امین گنڈاپور، فیصل امین، فضل الہٰی، نیک محمد اور دیگر شریک نہیں ہوئے۔

بیشتر ناراض اراکین نے ملک سے باہر ہونے یا دیگر مصروفیات کو عدم شرکت کی وجہ بتائی۔

کابینہ سے متعلق معاملات پر کئی اراکین وزیراعلیٰ سے ناراض ہیں، بعض اراکین ترقیاتی کاموں، حلقہ جاتی امور سے متعلق وزیر اعلیٰ سے شکوہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہےت کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تمام ایم پی ایز کا مکمل اعتماد حاصل ہے، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو نامزد کیا تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع اللّٰہ جان نے کہا کہ 27 میں سے کوئی 2 کے نام بتا دیں، جو نام لیں گے وہ خود تردید کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کی لائن سے یہاں وہاں ہوگا اپنی سیاست ختم کردے گا، محمود خان اور پرویز خٹک اس کی مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو تمام ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہے، ہماری پارلیمانی میٹنگ شروع ہوگئی ہے، تمام تر قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی۔

شفیع جان نے کہا کہ اگر فاروڈ بلاک بنے گا تو لوگ سامنے آئیں گے، کوئی 20 تو کوئی 50 ایم پی ایز کی بات کر رہا ہے، کسی کے پاس ایک نام نہیں۔

مشیر اطلاعات کے پی نے کہا اگر کوئی ایک بھی ایسی حرکت کرے گا تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی، جس نے بھی ووٹ لیا ہے بانی پی ٹی آئی کا ووٹ لیکر آیا ہے، ایک بھی ذاتی ووٹ نہیں۔

شفیع جان نے کہا کسی کو اپنے اوپر اعتماد ہے تو آزاد الیکشن لڑے، 200 ووٹ نہیں ملیں گے، بات واضح ہے کہ کوئی فاروڈ بلاک نہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں سب ایک ساتھ ہیں۔