بجٹ 2026-27،چاروں صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا مجموعی حجم 3138 ارب روپے تجویز

1306 ارب روپے مقامی وسائل جبکہ 144 ارب روپے غیر ملکی امداد سے حاصل کیے جانے کی توقع ہے۔

June 1, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے چاروں صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کا مجموعی حجم 3138 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب ترقیاتی بجٹ کے اعتبار سے سب سے آگے ہے، جہاں 1450 ارب روپے کا ترقیاتی پروگرام تجویز کیا گیا ہے۔ اس میں 1306 ارب روپے مقامی وسائل جبکہ 144 ارب روپے غیر ملکی امداد سے حاصل کیے جانے کی توقع ہے۔

سندھ کے لیے 816 ارب روپے کا ترقیاتی پروگرام تجویز کیا گیا ہے، جس میں 520 ارب روپے مقامی وسائل اور 296 ارب روپے بیرونی امداد سے شامل ہوں گے۔

خیبر پختونخوا کے لیے 564 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے کی سفارش کی گئی ہے، جس میں 377 ارب روپے مقامی ذرائع اور 187 ارب روپے غیر ملکی امداد پر مشتمل ہوں گے۔

بلوچستان کے لیے 308 ارب روپے کا ترقیاتی پروگرام تجویز کیا گیا ہے، جس میں 275 ارب روپے صوبائی وسائل اور 33 ارب روپے غیر ملکی امداد سے حاصل ہوں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق چاروں صوبوں کے ترقیاتی پروگراموں میں مقامی وسائل کا مجموعی حجم 2478 ارب روپے جبکہ غیر ملکی امداد کا مجموعی تخمینہ 660 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

حکام کے مطابق آئندہ مالی سال میں ترقیاتی اخراجات میں اضافے کا امکان ہے، جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی سہولیات کو وسعت دینا ہے۔