لاہورایئر پورٹ سے اغوا سوئس نیشنل خاتون چند گھنٹوں میں بازیاب،ملزمان گرفتار
خاتون مبینہ طور پر فراڈ پر مبنی ٹور آپریٹرز کے جھانسے میں آئی تھیں، پولیس
ملزمان پولیس کی حراست میں
لاہور:پولیس نے اغوا کے مقدمے میں مطلوب سوئس نیشنل خاتون صوفیہ ماریہ ملر کو کامیاب کارروائی کے دوران بحفاظت بازیاب کروا لیا جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق صوفیہ ماریہ ملر امریکہ سے ترکش ایئر لائن کے ذریعے لاہور پہنچی تھیں۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر آمد کے بعد خاتون کے لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا، جس پر ان کے نیپالی نیشنل شوہر کی درخواست پر تھانہ سرور روڈ پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کر کے فوری تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے سوئس نیشنل خاتون کو نجی سوسائٹی کے ایک ہوٹل سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون مبینہ طور پر فراڈ پر مبنی ٹور آپریٹرز کے جھانسے میں آئی تھیں۔
رجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ کو واقعے کے تمام پہلوؤں کی مکمل جانچ، تصدیق اور مزید تفتیش کی ہدایت جاری کر دی ہے۔