جی بی عوام کی خدمت اور ترقی ترجیح ہے،چاہے ووٹ ملیں یا نہ ملیں۔نواز شریف

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی صورتحال دیکھ ک تشویش ہوئی۔

June 2, 2026 · اہم خبریں

گلگت: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت اور ترقی ان کی ترجیح ہے، چاہے انہیں ووٹ ملیں یا نہ ملیں۔

گلگت میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی جدوجہد میں ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے حمایت طلب کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی صورتحال دیکھ کر انہیں تشویش ہوئی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ خطے کی ترقی کے لیے مختص وسائل عوام کی فلاح پر کیوں خرچ نہیں کیے گئے اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات کیا ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ان کی حکومت کے دوران گلگت بلتستان میں شاہراہوں کی تعمیر اور مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے تھے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گلگت اور سکردو کے درمیان سڑک کی تعمیر سمیت کئی اہم ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے گئے۔

نواز شریف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں ترقی کا عمل مزید تیز ہو، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں شروع کیے گئے ہائیڈرو پاور منصوبوں کی تکمیل بھی ضروری ہے تاکہ علاقے کے توانائی کے مسائل حل ہو سکیں۔

انہوں نے کارکنوں کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔