علی امین گنڈاپورکے ساتھ 30لوگ ییں تو نام بتا دیں، شفیع جان کا چیلنج

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 75 افراد موجودتھے،17نہیں تھے، پروگرام میں گفتگو

June 4, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شفیع جان نے کہا کہ کوئی کشیدگی نہیں،سہیل آفریدی کمفرٹ زون میں ہیں،3سے 4 ارکان ہم سے رابطے میں نہیں،علی امین اپنے ساتھ 30لوگ ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں تو نام بتا دیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہناتھا کہ اپنی پارٹی کے ایم پی ایز سے دوبارہ بات کرنے کی کوشش کریں گے،کوئی اپنی سیاست ختم کرنا چاہتا ہے تو ڈی ٹریک ہو جائے، سہیل آفریدی نے کسی سے کوئی کمٹمنٹ نہیں کی، کے پی کابینہ میں کوئی غیرمنتخب نمائندہ نہیں، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 75 افراد موجودتھے،17نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ  17میں سے 5 ارکان بیرون ملک،3حج پر ہیں اور2جنوبی افریقہ میں ہیں،پہلی بار اتنے خوشگوار انداز میں پارلیمانی پارٹی اجلاس دیکھا،سہیل آفریدی کوکسی کا باپ نہیں ہٹا سکتا، کہا جاتا ہے 28 ارکان کے حلف نامے پڑےہیں،ایک تو سامنے لے آئیں، سینیٹ الیکشن،علی امین کا الیکشن اور سہیل آفریدی کا الیکشن ہوا کوئی ایم پی اےنہیں ہلا، جوبھی ایم پی اے بانی پی ٹی آئی کے ٹریک سے ہلےگا اپنی سیاست ختم کرے گا۔

شفیع جان نے کہا کہ بڑے نام بانی پی ٹی آئی سے الگ ہوئے،سیاست کے منظر نامے سے غائب ہو گئے، جو لوگ بانی کے ساتھ کھڑے ہوئے،آج بھی سیاست کے منظر نامے میں موجود ہیں، شیر افضل مروت پی ٹی آئی میں نہ ہوتے تو ایم این اے نہ ہوتے، شیر افضل مروت اب بھی بانی پی ٹی آئی کو اپنا لیڈر مانتےہیں، کل بھی ہمارے 70 فیصد لوگ موجود تھے، 10جون کو ہمارے 70 فیصد سے زیادہ لوگ ہوں گے،علی امین کو بھی آناچاہیے۔

ان کا کہناتھا کہ علی امین جب سے وزیراعلیٰ کے منصب سے ہٹے پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے،علی امین صرف ایک دھرنے میں آئےتھے،باقی کسی ایکٹویٹی میں حصہ نہیں لیا،ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ووٹ ملاہے،گورننس کیساتھ بانی پی ٹی آئی کی رہائی بھی ترجیح ہے،ہم نے سب کچھ کر لیا،اڈیالہ کے سامنے دھرنا دیا،اسلام آبادلانگ مارچ کیا، ہم ڈی چوک آئے،سنگجانی میں جلسہ کیا،وزیراعظم سے بات کی،چیف جسٹس سے بھی رابطے کئے،ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے سامنے بھی دھرنا دیا گیا،کہیں سنوائی نہیں ہوئی۔

شفیع جان نے کہا کہ حکومت جب مشکل میں ہوتی ہے جیل کے دروازے کھولتی ہے،ہیلی کاپٹر بھیجتی ہے،حکومت مشکل سے نکل جاتی ہے توآنکھیں پھیر لیتی ہے، شاہد خٹک سے میری بات ہوئی،ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی جیل سے باہرآئیں گے تو ہائبرڈ نظام گر جائے گا، ہم نے پٹیشن جمع کرائی ہے،ہم بجٹ کیلئےبانی پی ٹی آئی سے ملنا چاہتےہیں،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملتی تو پارٹی میں معاملہ رکھا جائے گا۔