آزاد کشمیر میں شر پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 72 گرفتار، اسلحہ برآمد
امن خراب کرنے کی ہر کوشش کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، پولیس کا پیغام
فائل فوٹو
مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) پولیس نے ریاست بھر میں قانون شکنی اور امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 72 شرپسند عناصر کو گرفتار کر کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر ممنوعہ سامان برآمد کر لیا ہے۔
آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان کے مطابق ریاست بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی بھی سطح پر قانون شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور امن خراب کرنے کی ہر کوشش کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والے بلوائیوں اور شرپسندوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ گرفتار کیے گئے 72 ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد، نفرت انگیز تقاریر اور افواہیں پھیلانے والے عناصر پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور ایسے اکاؤنٹس کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت ایکشن لیا جا رہا ہے۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ شہری افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
آزاد کشمیر پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک دشمن اور شرپسند عناصر کے بہکاوے میں آنے سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا لاوارث سامان کی فوری اطلاع اپنے قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون سے ہی ریاست کو پرامن اور محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔