وزیر داخلہ محسن نقوی آج ایران جائیں گے، ایرانی سپریم لیڈرکو اہم پیغام پہنچائیں گے
محسن نقوی نے تہران روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات کے ساتھ اہم مشاورت کی۔
فائل فوٹو
تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی آج ایران کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ ایرانی سپریم لیڈر کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایک اہم پیغام پہنچائیں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایک باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ محسن نقوی اپنے دورۂ ایران کے دوران سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات کے ساتھ اہم مشاورت کی۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور ایران و امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی محسن نقوی کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی ہیں، جنہیں وہ اپنے دورۂ ایران کے دوران متعلقہ قیادت تک پہنچائیں گے۔