گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کیلئے پولنگ شروع۔ووٹرز کی لمبی قطاریں
انتخابات کو پر امن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر انتخابات آج ہو رہے ہیں،پولنگ کا عمل صبح 8بجے شروع ہوگیا جو بغیر کسی وقفے سے شام 5بجے تک جاری رہے گا، پولنگ شروع ہونے سے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں پر جمع ہونا شروع ہو گئی تھی اور لوگوں میں بڑا جوش و خروش خروش پایا جا رہا ہے۔ کئی پولنگ اسٹیشنوں پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
انتخابات کو پر امن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
مقامی پولیس، جی بی اسکاؤٹس اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی سیکیورٹی کے لیے موجود ہے، انتخابی حلقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں 1391 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 488 نارمل، 349 حساس اور 551 انتہائی حساس قرار پائے ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، 396 مرد امیدوار جبکہ 8 خواتین امیدوار انتخابی میدان میں اتری ہیں۔
پیپلز پارٹی 23 امیدوار، ن لیگ 22، استحکامِ پاکستان پارٹی 15، پاکستان مسلم لیگ11، جے یو آئی ف کے 9 امیدوار میدان میں ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6 ،6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ذرائع سی پی او لاہور نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے موقع پر ڈیوٹی دینے کے لیے پنجاب پولیس نے 10 ہزار اہلکار گلگت بھجوا دیئے، جو انتخابی نتائج آنے تک وہاں رہیں گے۔