گلگت بلتستان انتخابات: امن و امان کی صورتحال تسلی بخش رہی، چیف الیکشن کمشنر

خواتین ووٹرز کی بڑی تعداد نے انتخابات میں حصہ لے کر ووٹنگ ٹرن آؤٹ کو نمایاں بنایا۔

June 7, 2026 · اہم خبریں

گلگت: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہتر اور تسلی بخش رہی۔

گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل پُرامن ماحول میں مکمل ہوا اور انہوں نے خود مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ بھی کیا۔ ان کے مطابق خواتین ووٹرز کی بڑی تعداد نے انتخابات میں حصہ لے کر ووٹنگ ٹرن آؤٹ کو نمایاں بنایا۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پولنگ کے دوران موجود ایجنٹس سے بھی شکایات کے بارے میں دریافت کیا گیا، تاہم کسی جانب سے کوئی بڑا مسئلہ رپورٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل ہوا ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ نے بھی بہترین تعاون فراہم کیا۔