آزاد کشمیر : کالعدم ایکشن کمیٹی کے عہدیدار عابد اسلم کی دکان سیل

ڈویژنل مجسٹریٹ سماہنی کے احکامات پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر دکان کو سرکاری تحویل میں لیا۔

June 8, 2026 · اہم خبریں, قومی

مظفرآباد / بھمبر: آزاد کشمیر میں حالیہ پرتشدد تصادم اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کے بعد حکومت نے ایکشن کمیٹی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے کالعدم ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں اور متحرک ارکان کی جائیدادیں سیل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ضلع بھمبر کی تحصیل سماہنی میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے سرکردہ عہدیدار عابد اسلم کی دکان کو سیل کر دیا ہے۔

ڈویژنل مجسٹریٹ سماہنی کے احکامات پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر دکان کو سرکاری تحویل میں لیا اور اسے مکمل طور پر سیل کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے، اور آنے والے دنوں میں اس نوعیت کی مزید کارروائیاں بھی متوقع ہیں۔