ایران سےمعاہدہ امریکی عوام کے لیے بڑی کامیابی ہوگا،جے ڈی وینس

ممکنہ معاہدہ امریکی مفاد میں، اسرائیلی رائے سے قطع نظر قرار

June 9, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدہ امریکی عوام کے لیے بڑی کامیابی ہوگا، چاہے اسرائیل اسے پسند کرے یا نہ کرے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ دو سے تین دن میں طے پا سکتا ہے۔

فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان کئی مشترکہ مفادات ہیں، تاہم کچھ معاملات ایسے بھی ہیں جہاں دونوں کے مفادات مختلف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے اپنے اہداف کے باوجود امریکا کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

جے ڈی وینس کے مطابق ٹرمپ کی واپسی کے بعد وائٹ ہاؤس نے ایسا ماحول بنایا ہے جس میں 2015 کے معاہدے سے بہتر جوہری معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں ایسا ماحول پیدا کیا گیا ہے جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے طویل المدتی حل تک پہنچا جا سکتا ہے، چاہے اسرائیل اسے پسند کرے یا نہ کرے۔