پشاور کے قریب ایف سی چوکی پر حملے میں 6 اہلکار شہید ، 4 زخمی
جوابی کارروائی میں 4 حملہ آوروں کے مارے جانے کی اطلاع ، فرار ہوتے مسلح شدت پسند لاشیں ساتھ لے گئے۔
فائل فوٹو
پشاور : فیڈرل کانسٹبلری کی ایک چوکی پر مسلح افراد کے حملے میں 6 اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔خیبر پختونخوا کے سینیئر پولیس حکام نے حملے 6 شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع نے بھی بی بی سی کو بتایا کہ چوکی میں تعینات اہلکاروں نے حملے پر فوری جوابی کارروائی کی، جس میں 4 حملہ آوروں کے مارے جانے کی اطلاع ہے لیکن فرار ہوتے مسلح شدت پسند لاشیں ساتھ لے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور ایف سی کے 6 اہلکاروں کو بھی ساتھ لے گئے ہیں اور اس وقت علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے نام سے ایک پوسٹ بھی سامنے آئی، جس میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی۔یہ واقعہ پشاورکے قریب حسن خیل کے علاقے میں رات ایک سے دو بجے کے درمیان پیش آیا۔
یاد رہے کہ حسن خیل میں ماضی میں بھی مسلح شدت پسندوں کی موجودگی پرسکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کی ہیں۔ اکتوبر 2025 میں حسن خیل پولیس سٹیشن پر حملہ ہوا جس میں حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ ہوئی اور دو حملہ آور مارے گئے تھے۔
اسی طرح مئی 2024 میں حسن خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ شدت پسند مارے گئے تھے جبکہ ایک کیپٹن اور ایک حوالدار مارے گئے تھے۔
اپریل 2026 میں بھی حسن خیل کے نواح میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا تھا جس میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔