ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا امریکا کے 18 اہم اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ان کارروائیوں میں کویت میں واقع امریکی ایئر بیس العدید، احمد الجابر ایئر بیس اور بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئربیس کو ہدف بنایا گیا۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکا کے 18 اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ جاری بیان کے مطابق ان کارروائیوں میں کویت میں واقع امریکی ایئر بیس العدید، احمد الجابر ایئر بیس اور بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئربیس کو ہدف بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ اقدامات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکی سرگرمیوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ بیان میں امریکا کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو غیر محفوظ بنانے کی کوشش کی گئی تو پورے خطے میں سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
ایرانی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا کی کسی بھی “گستاخی” کا سخت ردعمل دیا جائے گا اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے جس میں انہوں نے ایرانی حکام سے براہِ راست رابطوں کا ذکر کیا تھا۔ ایرانی موقف کے مطابق ایسے دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں اور انہیں سیاسی بیانیے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے خطے میں بڑھتی ہوئی سرگرمیاں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں، جبکہ خطے کے استحکام کے لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔