پاکستان آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے،دفتر خارجہ
بھارت غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور کشمیر کو ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع خطہ قرار دیتا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے، جبکہ بھارت غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ صومالیہ میں پاکستانی شہری تقریباً 50 روز سے قزاقوں کے قبضے میں ہیں۔ حکومت پاکستان ان کی بحفاظت رہائی کے لیے ہر ممکن سفارتی اور ادارہ جاتی سطح پر کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یرغمال افراد ایک کارگو جہاز پر موجود ہیں جہاں دیگر ممالک کے عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔ پاکستان مسلسل صومالی حکام، متعلقہ فریقین اور جہاز کے مالک سے رابطے میں ہے۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور تمام یرغمال افراد کی فوری رہائی پر زور دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صومالی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے پر بین الوزارتی اجلاس بھی منعقد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے جنگ بندی معاہدوں کے احترام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا آیا ہے اور اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔