گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر پی پی اور (ن) لیگ کی ملاقات،بریک تھرو متوقع

ملاقات میں حکومت سازی کے مختلف فارمولوں، سیاسی تعاون اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

June 11, 2026 · اہم خبریں

گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے وفود کے درمیان اہم مشاورتی ملاقات ہوئی ہے، جس کے بعد سیاسی پیش رفت اور ممکنہ بریک تھرو کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت سازی کے مختلف فارمولوں، سیاسی تعاون اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے مختلف تجاویز پر غور کیا اور اتفاق کیا کہ مشاورت کے نتائج مرکزی قیادت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں نیئر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ شامل تھے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور صدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کی۔

ملاقات کے دوران حکومت سازی کے امکانات کے ساتھ ساتھ مختلف قومی اور سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام نے انہیں سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے مینڈیٹ دیا ہے، اس لیے تمام فیصلے جمہوری اصولوں، سیاسی مشاورت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔