وفاقی حکومت نے قومی اقتصادی سروے 26-2025 جاری کردیا

مختلف اندرونی و بیرونی چیلنجز اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملکی معیشت نے بہتری کی جانب پیش رفت کی ہے

June 11, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی اقتصادی سروے 2025-26 جاری کر دیا ہے، جس میں مالی سال کے دوران ملکی معیشت کی مجموعی کارکردگی کا احاطہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف اندرونی و بیرونی چیلنجز اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملکی معیشت نے بہتری کی جانب پیش رفت کی ہے اور رواں مالی سال شرح نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق اقتصادی سروے پورے مالی سال کی معاشی کارکردگی کا جامع جائزہ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو توقع تھی کہ شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کرے گی، تاہم خطے میں کشیدگی، ایران جنگ کے اثرات اور غیر معمولی مون سون بارشوں کے باعث اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی معیشت بھی دباؤ کا شکار رہی اور مختلف ممالک کی جانب سے نئے ٹیرف کے نفاذ سے معاشی غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ابتدائی مہینوں میں پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت میں استحکام پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے زرعی شعبے سے متعلق اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ زرعی ترقی کا ہدف 4.5 فیصد تھا، جو موسمی اثرات کے باعث 2.9 فیصد رہا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال میں اصلاحات اور ڈھانچہ جاتی بہتری کے ذریعے معاشی ترقی کی رفتار کو مزید بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔