کل تک عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی تو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے: بیرسٹر گوہر

اگر بانی اس ایوان کے رکن ہوتے تو پروڈکشن آرڈر جاری کر دیتے، اسپیکر ایازصادق

June 11, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی تو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود 34 ہفتے سے ملاقات نہیں کروائی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی اس متعلق رولنگ جاری کریں۔

جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ اگر بانی اس ایوان کے رکن ہوتے تو پروڈکشن آرڈر جاری کر دیتے، 3 بار حکومت ،اپوزیشن کو ایک میز پر بٹھایا مگر آپ لوگ نہیں آتے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہوگا، پہلے ہی مہنگائی زیادہ ہے، عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔

ایک سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسمبلی کے سیشن پر ایک دن میں 6 کروڑ سے زیادہ کے اخراجات آتے ہیں، کورم پورا کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔ وزیرِ اعظم کا بھی کام ہے پارلیمنٹ آئیں، لوگوں کی باتیں سنیں اور جواب دیں، یہ اگر حقیقی جمہوری حکومت ہوتی تو پارلیمنٹ کو نظر انداز نہ کرتی۔