پاکستان میں غربت 28.9 فیصد تک پہنچ گئی،59 لاکھ افراد بے روزگار
202526 میں غربت، بے روزگاری اور معاشی عدم مساوات میں اضافہ ہوا،اقتصادی سروے
فائل فوٹو
اسلام آباد: اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد ہو گئی ہے جبکہ 59 لاکھ افراد بے روزگار ہیں۔
اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ہر 100 میں سے تقریباً 29 پاکستانی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں میں غربت کی شرح 36.2 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 17.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبوں میں بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جہاں غربت 47 فیصد تک پہنچ گئی، پنجاب میں 23.3 فیصد، سندھ میں 32.6 فیصد اور خیبرپختونخوا میں 35.3 فیصد رہی۔
اقتصادی سروے کے مطابق 2018-19 کے بعد ملک میں غربت میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے، جو اس وقت 21.9 فیصد سے بڑھ کر 28.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں مہنگائی اور معاشی دباؤ کو غربت میں اضافے کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ معاشی عدم مساوات بھی بڑھ کر 32.7 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ صوبائی سطح پر سندھ میں یہ شرح سب سے زیادہ 35.9 فیصد رہی۔
اقتصادی سروے کے مطابق ملک کی لیبر فورس 8 کروڑ 31 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، جن میں سے 7 کروڑ 72 لاکھ افراد برسرِ روزگار اور 59 لاکھ بے روزگار ہیں۔