17 ہزار 500 ارب روپے کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ تجاویز ایوان میں رکھیں گے، جس کا مجموعی حجم تقریباً 17 ہزار 500 ارب روپے متوقع ہے۔

June 12, 2026 · اہم خبریں

 اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ تجاویز ایوان میں رکھیں گے، جس کا مجموعی حجم تقریباً 17 ہزار 500 ارب روپے متوقع ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق ٹیکس وصولیوں کا ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ قرضوں اور سود کی ادائیگیوں کے لیے 7 ہزار 824 ارب روپے مختص کیے جا سکتے ہیں۔ دفاعی اخراجات کے لیے تقریباً 3 ہزار ارب روپے رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا اعلان بھی بجٹ کا حصہ بن سکتا ہے۔ اسی طرح پٹرولیم لیوی کی مد میں ایک ہزار 727 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیے جانے کی توقع ہے۔

بجٹ میں برآمدات کا ہدف 32.8 ارب ڈالر جبکہ درآمدات کا ہدف 70 ارب ڈالر تجویز کیا گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے بجائے جاری منصوبوں کو مکمل کرنے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ سابق فاٹا کے لیے موجود بعض ٹیکس مراعات ختم کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وفاقی بجٹ پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز پیش کیے گئے اقتصادی سروے میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال ملکی معیشت کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی جبکہ معیشت کا مجموعی حجم 452 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ سروے کے مطابق فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 1901 ڈالر تک جا پہنچی۔

اقتصادی سروے میں آئی ٹی شعبے کی بہتر کارکردگی کو نمایاں قرار دیا گیا، جہاں برآمدات 4.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ فری لانسرز کا حصہ بھی تقریباً ایک ارب ڈالر کے قریب رہا۔

رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور توقع ہے کہ جون کے اختتام تک یہ 18 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے، جبکہ ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد بھی بڑھ کر تقریباً 2 لاکھ 97 ہزار ہو گئی ہے۔