ایران سے معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا،ٹرمپ،پاکستان کے کردار کی پھر تعریف
معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، جس سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی توقع ہے
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے اور جنگی صورتحال سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ طے شدہ حملوں کو روک دیا گیا ہے اور ایران کے ساتھ معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ معاہدے کی دستاویزات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اس پر جلد دستخط متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر دستخط کی تقریب ہفتے کے اختتام پر یورپ میں منعقد کی جا سکتی ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، جس سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق ایران سمیت پورا مشرق وسطیٰ اس پیشرفت پر خوش ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہیں یقین ہے ایرانی سپریم لیڈر معاہدے پر رضامند ہیں اور ایران جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن معاہدے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کو انہوں نے اہم شخصیات قرار دیا۔
ٹرمپ کے مطابق انہوں نے ایران کے معاملے پر اسرائیل سے بھی بات چیت کی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت اعلیٰ ترین سطح تک پہنچ چکی ہے اور حملے روکنے کا فیصلہ اسی پیشرفت کے بعد کیا گیا ہے۔