برطانیہ۔ فرانس۔ جرمنی۔ اٹلی کا امریکہ ۔ایران مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم
پابندیوں میں نرمی کوقابلِ تصدیق اقدامات سے مشروط قرار،آبنائے ہرمز فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ
برطانیہ، فرانس، جرمنی اوراٹلی کا امریکہ ایران مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کیا ہے۔
چار یورپی ممالک نے مشترکہ بیان میں ایران کے جوہری پروگرام پر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے واضح، عملی اور قابلِ تصدیق اقدامات کی صورت میں عائد پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی پر غور کیا جا سکتا ہے۔
یورپی ممالک نے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم سمجھی جانے والی آبنائے ہرمز کو فوری اور غیر مشروط طور پر کھولنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سمندری راستوں کی بلا تعطل دستیابی خطے اور دنیا کے معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
بیان میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، سفارتی ذرائع کو ترجیح دینے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ یورپی ممالک نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقوں کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔