22 سالہ بھارتی اداکارہ سنچیتا اوگلے کی اپنے گھر میں پراسرار ہلاکت

پولیس نے پراسرار موت کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں

June 15, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

بھارتی ٹیلی ویژن کی 22 سالہ اداکارہ سنچیتا اوگلے اپنے گاؤں میں واقع رہائش گاہ پر مردہ پائی گئیں، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام اداکارہ کے گاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سنچیتا اوگلے نے اپنے کمرے کا دروازہ اندر سے بند کر لیا تھا۔ اہلِ خانہ اور مقامی افراد انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔
اداکارہ کے والد کی شکایت پر پولیس نے پراسرار موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ،مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنچیتا اوگلے نے مقبول ڈراموں ’کُم کُم بھاگیہ‘ اور ’واگلے کی دنیا‘ سمیت متعدد ٹیلی ویژن پروجیکٹس میں کام کیا تھا۔

وہ فلم ’چھاوا‘ اور فلم ’سائلنس 2: دی نائٹ آؤل بار شوٹ آؤٹ‘ میں بھی نظر آئی تھیں۔