وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں15فیصد اضافہ کیا جائے،سینیٹ بجٹ سفارشات

میڈیکل الاؤنس بحالی، ٹیکس میں کمی اور معاشی اصلاحات کی سفارش

June 18, 2026 · قومی

فائل فوٹو

سینیٹ میں بجٹ کے حوالے سے پیش کی گئی سفارشات میں وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 15 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

سفارشات کے مطابق وفاقی ملازمین اور پنشنرز کے منجمد میڈیکل الاؤنس کو بحال کیا جائے جبکہ تنخواہ دار اور کم آمدن افراد کے ٹیکس ریٹ کم کیے جائیں۔ مزید کہا گیا کہ اشیاء خورونوش، ادویات، تعلیمی سامان اور زرعی ان پٹ پر جی ایس ٹی میں کمی کی جائے اور بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے فنڈ مختص کیا جائے۔

سینیٹ سفارشات میں کہا گیا کہ رہائش پذیر یا وزٹ پر آئے غیر ملکیوں کو اپنے استعمال کے لیے شراب لانے کی اجازت دی جائے۔

مزید سفارش کی گئی کہ کھاد، بیج، کیڑے مار ادویات، ڈیزل اور زرعی مشینری پر ٹیکس اور ڈیوٹی صفر کی جائے جبکہ سرکاری اسپتالوں، بنیادی صحت، اعلیٰ تعلیم فنڈ اور اسکالرشپس کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔

سفارشات میں غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے، ایس ایم ایز کا ٹیکس نظام سادہ بنانے، ضروری اشیاء اور تنخواہ دار طبقے پر مجوزہ ٹیکس اقدامات پر نظرثانی اور ٹیکس بیس بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

مزید کہا گیا کہ گھریلو اور کم آمدن صارفین کے بجلی بلوں سے اضافی چارجز اور ٹیکس واپس لیے جائیں جبکہ آئی ٹی ایکسپورٹرز اور فری لانسرز کے لیے ٹیکس استثنیٰ کو مزید 10 سال تک بڑھایا جائے۔

سینیٹ سفارشات میں 3 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں، لگژری پراپرٹی اور غیر پیداواری اثاثوں پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ضروری اشیاء پر ان ڈائریکٹ ٹیکس کم کرنے اور ترقیاتی بجٹ منتخب مقامی حکومتوں کو منتقل کرنے کا میکینزم بنانے کی سفارش بھی شامل ہے۔

مزید کہا گیا کہ مہنگی ریٹیل، رئیل اسٹیٹ اور نان فائلرز کی لگژری ٹرانزیکشنز کے لیے جامع ٹیکس اور دستاویزی اقدامات کیے جائیں اور وفاقی ترقیاتی بجٹ کی ایک مقررہ شرح مقامی حکومتوں کو منتقل کی جائے۔

سفارشات میں یہ بھی کہا گیا کہ کم پراپرٹی ٹیکس صرف پہلی بار گھر خریدنے والوں پر رکھا جائے جبکہ دوسری بار گھر خریدنے اور پلاٹس رکھنے والے سرمایہ کاروں پر پراپرٹی ٹیکس بحال رکھا جائے۔