آزاد کشمیر میں امن و امان کی بحالی،آئی جی پولیس کاسخت مؤقف

ریاست مخالف سازش ناکام، شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان

June 22, 2026 · قومی

فائل فوٹو

مظفر آباد: آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر ملک لیاقت علی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ حالات میں قانون کی حکمرانی قائم رکھنا اور امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ان کا پختہ عزم ہے۔ انہوں نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں واضح کیا کہ پولیس عوام کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی شرانگیز جتھے کو عوام کا امن و سکون تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے آزاد جموں و کشمیر کے تمام داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پر کھلے ہیں۔ میرپور ریجن میں تقریباً 75 فیصد دکانیں کھلی ہیں اور کاروبارِ زندگی معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ مظفر آباد ریجن میں بھی ٹریفک اور روزمرہ معمولات بحال ہیں۔ تاہم راولا کوٹ میں کچھ مقامات پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے دھرنا دے رکھا ہے جہاں مسلح شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، جو مختلف مقامات پر مورچہ بند ہو کر موقع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کرتے ہیں۔

آئی جی نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 572 شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ پولیس ملازمین پر حملوں اور شہادت کے مقدمات کو دوبارہ کھول کر 34 مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 155 خطرناک شرپسندوں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر نے عوامی حقوق کے نام پر ذاتی یا بیرونی ایجنڈے کے تحت حالات خراب کرنے کی کوشش کی، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنے 95 سے زائد زخمی جوانوں کے باوجود اس سازش کو ناکام بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج کے خواہشمند افراد کو محفوظ راستہ فراہم کیا گیا اور بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کیا گیا۔ آئی جی پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سرکاری معلومات کے لیے پولیس کے آفیشل پیج سے رجوع کریں۔ انہوں نے محب وطن عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال اور عبادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔