لبنان اور شام کے درمیان بیروت میں عدم مداخلت کے معاہدے پر دستخط

اگر ’مفادات کا تقاضا ہوا‘ تو دمشق حزب اللہ سے ملاقات کے لیے تیار ہے ، شامی وزیر کارجہ

July 2, 2026 · بام دنیا

بیروت: لبنان اور شام نے عدم مداخلت کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ 

شامی وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے بیروت میں لبنانی وزیراعظم نواف سلام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے وفود کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے میں باہمی تعاون کے اصول شامل ہیں، جن میں دونوں ریاستوں کی خودمختاری، آزادی، اتحاد، علاقائی سالمیت کا احترام، فریقین کے درمیان مساوات اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت شامل ہے۔

لبنانی خبر رساں ادارے کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لبنانی وزیراعظم نے کہا کہ دو نوں ملکوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تعلقات کی بنیاد باہمی مفادات ہوں گے۔

 اسد الشیبانی نے عندیہ دیا ہے کہ اگر ’مفادات کا تقاضا ہوا‘ تو دمشق حزب اللہ سے ملاقات کے لیے تیار ہے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعرات کو بیروت کے دورے کے دوران شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے لبنانی صدر جوزف عون، وزیر اعظم نواف سلام اور پارلیمان کے سپیکر نبیہ بری سمیت ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

لبنان میں حزب اللہ اور شامی افواج کے درمیان ممکنہ تصادم سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان کے بعد یہ اسد الشیبانی کا لبنان کا پہلا دورہ تھا۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسد الشیبانی نے کہا کہ لبنانی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں حزب اللہ کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا تاہم انھوں نے کہا کہ شام اس گروپ سے ملاقات کے لیے تیار ہے۔