ایران کاافزودہ یورینیئم ممکنہ طور پراب بھی تنصیبات میں موجود ہے۔رافیل گروسی

جوہری مواد کی حتمی تصدیق معائنہ کاروں کی دوبارہ رسائی سے ہی ممکن ہے۔ گروسی

July 3, 2026 · بام دنیا

اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ ابتدائی اندازے کے مطابق ایران کا افزودہ یورینیئم اب بھی اس کی جوہری تنصیبات میں موجود ہو سکتا ہے، تاہم اس کی حتمی تصدیق کے لیے معائنہ کاروں کو دوبارہ ان تنصیبات تک رسائی دینا ضروری ہے۔

روسی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں رافیل گروسی نے کہا کہ ادارے کا مجموعی تاثر یہی ہے کہ جوہری مواد اپنی جگہ پر موجود ہے، لیکن اس کی تصدیق صرف براہِ راست معائنے سے ہی ممکن ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد معائنہ کاروں کی رسائی ختم ہونے سے پہلے افزودہ یورینیئم کی کسی بڑی منتقلی کے آثار نہیں ملے تھے۔

رافیل گروسی کے مطابق متعدد جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور بعض مقامات تک رسائی محدود ہے، اس لیے ادارے کا موجودہ اندازہ پہلے کیے گئے معائنے اور سیٹلائٹ تصاویر کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے۔