ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے 26 ملین ڈالرخیرات کر دیے

گلوکارہ ماضی میں بھی کئی مواقع پر خاموشی سے کروڑوں ڈالرز مختلف فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کرتی رہی ہیں۔

July 3, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نیویارک:عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور معروف امریکی فٹبالر ٹریوس کیلسی نے شادی کی افواہوں کے درمیان انسان دوستی کی ایک بڑی مثال قائم کرتے ہوئے مختلف فلاحی اداروں کے لیے مجموعی طور پر 26 ملین ڈالر زعطیہ کیے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس ہفتے اس جوڑی نے کم از کم 20 خیراتی تنظیموں کو مالی معاونت فراہم کی۔ اگرچہ یہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ دونوں نے انفرادی طور پر کتنی کتنی رقم دی، تاہم جن فلاحی اداروں کو یہ عطیات موصول ہوئے، انہوں نے الگ الگ بیانات جاری کرکے ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کا شکریہ ادا کیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے لیے بڑے پیمانے پر خیرات کرنا کوئی نئی بات نہیں۔ گلوکارہ ماضی میں بھی کئی مواقع پر خاموشی سے کروڑوں ڈالرز مختلف فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کرتی رہی ہیں، جن کا اکثر بعد میں انکشاف ہوا۔

ٹیلر سوئفٹ اس سے قبل جانوروں کے تحفظ کی تنظیموں، فلوریڈا اور ٹینیسی میں آنے والے تباہ کن طوفانوں کے متاثرین، لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثرہ افراد، امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن، بچوں کے ہسپتالوں اور کینسر میں مبتلا اپنے مداحوں کی مدد کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کر چکی ہیں۔

دوسری جانب ان دنوں ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی ممکنہ شادی بھی عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں رواں ہفتے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتے ہیں اور شادی کی تقریب نیویارک کے معروف میڈیسن سکوائر گارڈن میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔