کھلے سمندر میں پاک بحریہ کا کامیاب آپریشن ، ڈوبتے ہوئے کارگو جہاز کے عملے کے 20 ارکان کو بچالیا
جوائنٹ ماری ٹائم انفارمیشن سینٹر کی کال پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین اور فضائی اثاثوں کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کیا گیا ، آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک بحریہ اور پاکستان میرین سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے اورمارا کے مشرق میں سمندر میں ڈوبتے ہوئے ایک کارگو جہاز (لانچ) سے تمام 20 عملے کے ارکان کو بحفاظت بچا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ کامیاب اور فوری ہنگامی آپریشن اس وقت شروع کیا گیا جب مذکورہ کارگو لانچ میں شدید طغیانی اور پانی بھر جانے کی وجہ سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔ جوائنٹ ماری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کو موصول ہونے والی ڈسٹریس کال (مدد کی پکار) پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین اور فضائی اثاثوں کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سمندر میں پھنسے ہوئے تمام 20 پاکستانی عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا۔ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو فوری طور پر ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق، یہ کامیاب آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور کسی بھی بحری ہنگامی صورتحال سے چوبیس گھنٹے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میرین سیکیورٹی ایجنسی کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔