کراچی میں ہر طرح کے رکشوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
چنگچی رکشوں کو مین روڈ سے ہٹانے کیلیے کوشش کر رہے ہیں،روڈ پر وہ رکشہ چلے گا جس میں میٹر لگا ہوگا ،ڈی آئی جی ٹریفک کراچی
فائل فوٹو
کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہر طرح کے رکشوں پر پابندی عائد کرنے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ چنگچی رکشوں کو مین روڈ سے ہٹانے کیلیے کوشش کر رہے ہیں، اور شہر میں ہر طرح کے رکشے پر پابندی عائد کرنے جا رہے ہیں، روڈ پر وہ رکشہ چلے گا جس میں میٹر لگا ہوگا۔ای چالان سے متعلق لوگوں کے ساتھ سنجیدہ مسائل ہیں، شہریوں کو ریلیف دینے کیلیے پالیسی بنا رہے ہیں۔ای ٹکٹنگ (ای چالان) سیف سٹی منصوبے کا حصہ ہے، شہر میں 45 ہزار ایسی گاڑیاں ہیں جو لوگ اپنے نام پر نہیں چلا رہے۔
پیر محمد شاہ کے مطابق جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو تھانے کے حوالے کرتے ہیں۔گزشتہ سال جو ہم نے مینوئل ٹکٹس جنریٹ کیے تھے اس سے کم ای چالان کیے ہیں، ای چالان آٹوجنریٹڈ ہیں لہٰذا غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ای چالان سسٹم اور لین مارکنگ سے ٹریفک کی روانگی میں بہتری آئی ہے، چوتھی لائن میں جانے والے بائیک سوار کو ای ٹکٹ دے رہے ہیں، کراچی میں گزشتہ سال ہیوی ٹریفک سے 164 جانیں ضائع ہوئی تھیں، جس میں اب 45 فیصد کمی آئی ہے۔کراچی ٹریفک مینجمنٹ کمپنی بنانے جا رہے ہیں۔