آئی ایم ایف آئندہ 14 ماہ میں پاکستان کو مزید 3.6 ارب ڈالر فراہم کرے گا

باقی ماندہ 3 ارب 60 کروڑ ڈالر مختلف مراحل میں آئندہ 14 ماہ کے دوران جاری کیے جائیں گے۔

July 11, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جاری مالیاتی پروگراموں کے تحت پاکستان کو آئندہ 14 ماہ کے دوران مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

دستاویزات کے مطابق آئی ایم ایف کے ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) پروگرامز کی مجموعی مالیت 8 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے، جن میں سے پاکستان کو اب تک 4 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق باقی ماندہ 3 ارب 60 کروڑ ڈالر مختلف مراحل میں آئندہ 14 ماہ کے دوران جاری کیے جائیں گے۔ دونوں پروگراموں کے تحت اگلا اقتصادی جائزہ ستمبر میں متوقع ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کا دورہ بھی کر سکتا ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان پر مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے، بجٹ خسارہ کم کرنے، ٹیکس وصولیوں میں اضافہ اور ٹیکس نظام میں اصلاحات جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات، گردشی قرضے میں کمی، سرکاری اداروں کی نجکاری اور قرضوں کو پائیدار سطح پر لانے جیسے اقدامات بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی، سیلاب اور خشک سالی جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی اصلاحاتی اقدامات پروگرام کی شرائط میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلٹی کے تحت ستمبر 2027 تک مجموعی طور پر 7 ارب ڈالر جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی پروگرام کے تحت 1.4 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔