آپریشن شعبان جاری، مزید 4 خوارج ہلاک، مجموعی تعداد 109 تک پہنچ گئی

کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس میں ایم فور رائفلیں، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر سامان شامل

July 12, 2026 · اہم خبریں

بلوچستان میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے مشترکہ “آپریشن شعبان” جاری ہے، جہاں سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سران ٹنگی کے علاقے میں تازہ کارروائی کے دوران مزید 4 خارجی ہلاک کیے گئے، جس کے بعد آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 109 خارجی ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس میں ایم فور رائفلیں، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر سامان شامل ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رکھا جائے گا۔