شہباز شریف اور نوازشریف کی امیر قطر سے ملاقات، سابق امیر قطر کے انتقال پر تعزیت

وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

July 13, 2026 · اہم خبریں, قومی

دوحہ: وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کر کے سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آلثانی کی دور اندیش قیادت اور مدبرانہ بصیرت کو سراہا۔

وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام اور ترقی کے فروغ کیلئے مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شیخ حمد بن خلیفہ آلثانی کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو بھی یاد کیا۔

وزیراعظم نے اس گہرے صدمے کی گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

امیرِ قطر نے وزیراعظم شہبازشریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تعزیت کے لیے دوحہ آمد پر وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔