سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں،اسکی سلامتی کیلئے ساتھ کھڑے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

July 14, 2026 · اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر گزشتہ شب ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف کیے گئے حملے قابلِ مذمت ہیں اور یہ مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اس لیے پاکستان ان کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس نازک وقت میں سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور برادر ملک کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔