ناقابلِ شکست فرانس اور اسپین آج فائنل میں رسائی کے لیے مدمقابل
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل آج امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلا جائے گا
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل آج امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلا جائے گا، جہاں عالمی فٹبال کی دو مضبوط ٹیمیں فرانس اور اسپین فائنل میں رسائی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
یہ اہم مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا، جبکہ فاتح ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لے گی۔
فرانس نے ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام میچز جیتے ہیں اور بھرپور اعتماد کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔ دوسری جانب اسپین بھی ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہا ہے اور کئی برس بعد دوبارہ عالمی اعزاز کی دوڑ میں شامل ہے۔
فرانسیسی ٹیم کے کپتان کائیلیان ایمباپے ٹورنامنٹ کے نمایاں گول اسکوررز میں شامل ہیں، جبکہ عثمان ڈیمبیلے بھی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسپین کی جانب سے میکائیل اویارزابال بہترین فارم میں ہیں، جبکہ نوجوان کھلاڑی لامین یامال سے بھی سیمی فائنل میں عمدہ کھیل کی توقع کی جا رہی ہے۔
فٹبال مبصرین کے مطابق فرانس کو اس مقابلے میں معمولی برتری حاصل ہے، تاہم اسپین کی مضبوط ٹیم کسی بھی مرحلے پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دونوں ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی، جس کے باعث شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔