امریکا ایران کشیدگی پر پاکستان کا اظہار تشویش،تنازعات کا حل مذاکرات سے ممکن ہے:دفتر خارجہ

تمام تنازعات کا حل پرامن مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان نے متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

July 16, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ تمام تنازعات کا حل پرامن مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان نے متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارت اور تیل کی بلا تعطل فراہمی کو اہم سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر توانائی، تجارت اور غذائی تحفظ کو متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے آبنائے ہرمز میں جلد معمول کی صورتحال کی بحالی، سمندری جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کشیدگی میں کمی اور پرامن حل کے لیے خطے کے اہم ممالک کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطوں میں ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دنوں میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطے کی صورتحال، امن و استحکام اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

دفتر خارجہ کے مطابق قطر کے امیر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔