بانڈی میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے قافلےپر فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی

راولا کوٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

July 17, 2026 · اہم خبریں

 

استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے قافلے کو راولاکوٹ میں داخل ہونے سے روک دیاگیا، ان کے قافلے پر فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈشدید زخمی ہوا۔

تنویر الیا س کے قافلے کو ڈھلکوٹ کے علاقے بانڈی کے مقام پر روک دیا گیا۔ رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں اور تنویر الیاس کے قافلے کے شرکاء میں شدید تلخی کے بعد پتھراؤ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

فائرنگ سے تنویرالیاس کا گارڈ شدید زخمی ہوا ۔گارڈ آصف کے سر میں گولی لگی۔تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس پر براہ راست فائرنگ کی گئی۔

 

بعدازاں تنویر الیاس اپنے ساتھیوں سمیت واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر دو روزہ انتخابی دورے پر جمعہ کی صبح اسلام آباد سے بڑے قافلے کے ہمراہ براستہ ٹائیں، ڈھلکوٹ، حلقہ ایل اے-22 پونچھ-5 (پاچھیوٹ) کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین نے بتایا کہ قافلے نے تمروٹہ میں ایاز مغل کی رہائش گاہ پر مختصر قیام کرنا تھا، جہاں روایتی ستّو سے تواضع کے بعد انتخابی حلقے کی جانب روانگی کا پروگرام تھا۔ ڈھلکوٹ کے علاقے بانڈی میں محکمہ شاہرات کی ایک پوکلین مشین سڑک کے درمیان کھڑی کرکے راستہ بند کر دیا گیا، جس کے باعث قافلہ آگے نہ بڑھ سکا اور بعد ازاں واپس اسلام آباد روانہ ہوگیا۔

واقعے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ یا محکمہ شاہرات کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ ٹائیں ڈھلکوٹ شاہراہ عام شہریوں کے لئے کھلی ہے۔