وانا میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام، بارودی مواد سے بھری گاڑی تباہ
گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی بڑے حملے کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا گیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو تباہ کر دیا، جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ اسے خودکش حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی وانا کے نواحی علاقے غواخوا میں کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی بڑے حملے کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ گاڑی کی تین روز تک نگرانی کی اور اسے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ شہری آبادی سے دور پہنچ گئی، تاکہ عام شہریوں کو کسی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی اور ایک موٹر سائیکل تباہ ہو گئی، جبکہ ایک مبینہ حملہ آور ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔