پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال،وزیر پیٹرولیم نے مذاکرات کی نئی پیشکش کر دی
حکومت اب بھی سات روزہ اوسط قیمت کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کر رہی ہے تاکہ عوام پر اچانک بوجھ نہ پڑے۔وزیرِ پیٹرولیم
پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال کے معاملے پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔
وزیرِ پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے باعث تیل کی بین الاقوامی منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم حکومت اب بھی سات روزہ اوسط قیمت کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کر رہی ہے تاکہ عوام پر اچانک بوجھ نہ پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن کے نمائندے چیئرمین اوگرا سے ملاقات کریں گے، جہاں ان کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کی دستاویزی شکل کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے بھی تیار ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی بدستور پہلے کی سطح پر برقرار ہے اور اگر اس میں کمی کرنا مقصود ہو تو اس کے لیے معیشت کی مزید دستاویز بندی ضروری ہوگی تاکہ ٹیکس نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے ساتھ مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا چاہتی ہے اور امید ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مثبت پیش رفت ممکن ہوگی۔ وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق ہڑتال کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا، جبکہ حکومت پہلے ہی متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ معاملات افہام و تفہیم سے طے کیے جا سکیں۔