مون سون بارشوں سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 23 افراد جاں بحق
پنڈی بھٹیاں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ فیصل آباد، بھلوال اور جھنگ سمیت دیگر علاقوں میں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مختلف حادثات پیش آئے ہیں۔ بارشوں، سیلابی ریلوں، چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 23 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔
لاہور کے قریب رائیونڈ کے علاقے کوٹ بابو خان میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ لاہور کے بند روڈ گلشن راوی کے علاقے میں بھی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔
پاکپتن کے علاقے میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئیں، جبکہ ہوتہ میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ گجرات میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے، جبکہ سیالکوٹ میں بھی گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گوجرانوالہ میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے۔ شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں بھی ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔
ساہیوال میں چھتیں گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں چھتوں اور دیواروں کے گرنے سے 8 افراد زخمی ہوئے۔ بہاولنگر میں شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ پنڈی بھٹیاں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ فیصل آباد، بھلوال اور جھنگ سمیت دیگر علاقوں میں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 28 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 6 مکمل طور پر تباہ جبکہ 22 کو جزوی نقصان پہنچا۔
خیبرپختونخوا میں متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم مزید بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔