بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن،10دہشت گرد ہلاک،2 خاتون خودکش حملہ آور گرفتار

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا۔

July 22, 2026 · اہم خبریں

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ دوخاتون خودکش حملہ آوروں اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور مستونگ میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ، ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع سوراب میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ اسی آپریشن کے دوران دو خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کی تلاش کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

بیان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان اور “عزمِ استحکام” پالیسی کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔