تجارتی جہازوں کو خطرات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں،پاکستان کا حوثیوں کے حملوں پر سخت ردعمل

سعودی عرب کے ساتھ جائز تجارتی سرگرمیوں میں مصروف بحری جہازوں کو خطرات لاحق کرنا ناقابل قبول ہے۔

July 23, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: پاکستان نے بحری تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں عالمی امن، علاقائی تجارت اور سمندری سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان بحری جہازوں کو نشانہ بنانے یا دھمکانے کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ جائز تجارتی سرگرمیوں میں مصروف بحری جہازوں کو خطرات لاحق کرنا ناقابل قبول ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حوثیوں کی جانب سے سعودی کمرشل بحری جہازوں کو دھمکیاں دینے اور حملوں کی اطلاعات پر پاکستان کو تشویش ہے۔ پاکستان کا موقف ہے کہ سمندری راستوں کی سلامتی برقرار رکھنا عالمی تجارت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے قوانین کے تحت پاکستان کو اپنے بحری اثاثوں اور قومی مفادات کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔