مون سون بارشیں، صدر زرداری کی تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پہلے سے تیاری مکمل رکھی جائے۔
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ تمام اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان مکمل رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا۔
آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت بارش سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پہلے سے تیاری مکمل رکھی جائے۔
صدر مملکت نے حساس علاقوں میں ریسکیو ٹیموں، ضروری سامان اور دیگر وسائل کی پیشگی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیاحوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے اور شہریوں کو موسمی انتباہات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے حالیہ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اور ایمرجنسی اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔