اسے کشمورنہیں سمجھنایہ کشمیر ہے ، میرپور ہے میرپورخاص نہیں،نواز شریف
میرپور جلسے میں آزاد کشمیر کی ترقی اور منصوبوں کا اعلان
فائل فوٹو
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھائی میری بات کا برا نہیں ماننا، نوک جھونک پارٹیوں میں ہونی چاہیے۔
میرپور آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سیاست میں نوک جھونک ہونی چاہیے، مار کٹائی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسے کشمور نہیں سمجھنا، یہ کشمیر ہے اور یہ میرپور ہے، میرپورخاص نہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ کشمیر سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے، میرپور خوبصورت شہر ہے، تاہم آج حالات اتنے اچھے نہیں جتنے ہونے چاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ ان کے بعد آنے والوں نے کشمیر کے لیے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر سمجھتے ہیں اور آج آزاد کشمیر کے لیے منشور بھی ساتھ لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی نے آزاد کشمیر کے لیے کچھ کیا ہے تو بتایا جائے، پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہر منصوبے پر ن لیگ کی مہر نظر آئے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کینسر اور دل کے امراض کے لیے مزید اسپتال بننے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز یہاں جدید ترین الیکٹرک بسیں لے کر آئی ہیں اور 10 موبائل اسپتال بھی لے کر آ رہی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی تو کشمیر میں موٹرویز بنائیں گے اور مری سے مظفرآباد تک ایکسپریس وے تعمیر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کروایا تو وہ کشمیر کے چپے چپے پر جائیں گے، میرپور کے گھر گھر میں گیس کی سہولت ہوگی، جبکہ وہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہیں گے کہ میرپور میں بین الاقوامی ایئرپورٹ ہونا چاہیے۔