کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کا اعلان کردیا

دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ 2023 میں طے پایا تھا، جسے اب کویتی حکومت نے سرکاری گزٹ میں شائع کیا ہے۔

July 26, 2026 · اہم خبریں

کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک فوجی تربیت، معلومات اور انٹیلی جنس کے تبادلے سمیت دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔  

 کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی تفصیلات باضابطہ طور پر جاری کر دی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ 2023 میں طے پایا تھا، جسے اب کویتی حکومت نے سرکاری گزٹ میں شائع کیا ہے۔

معاہدے کے تحت پاکستان اور کویت دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ اس میں فوجی تربیت، دفاعی معلومات اور انٹیلی جنس کے تبادلے سمیت سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک دفاعی امور سے متعلق ماہرین، تکنیکی ماہرین اور متعلقہ اہلکاروں کے تبادلے کو بھی فروغ دیں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی روابط مزید مضبوط ہو سکیں

حکام کے مطابق یہ کوئی نیا معاہدہ نہیں بلکہ 2023 میں ہونے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کی تفصیلات کو اب کویت کی جانب سے باضابطہ طور پر منظر عام پر لایا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔