ہرنائی میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور دھماکے سے اڑا دیا گیا، انٹرنیٹ سروس معطل

نامعلوم افراد نے ڈیلکونہ پولیس تھانے کی عمارت کو بھی دھماکا خیز مواد سے نقصان پہنچایا۔

July 26, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ہرنائی کے پہاڑی علاقے پان غر میں نامعلوم شرپسندوں نے ٹیلی کمیونیکیشن کے ٹاور اور پولیس تھانے کی عمارت کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنا کر شدید نقصان پہنچایا۔

تفصیلات کے مطابق ہرنائی کے پہاڑی علاقے پان غر میں نامعلوم افراد نے ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو دھماکے سے تباہ کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹاور کی تباہی کے باعث علاقے میں لینڈ لائن فون اور انٹرنیٹ سسٹم مکمل طور پر معطل ہو گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو رابطہ کاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایک اور واقعے میں نامعلوم ملزمان نے ڈیلکونہ پولیس تھانے کی عمارت کو بھی دھماکا خیز مواد نصب کر کے نقصان پہنچایا۔ پولیس حکام کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے کے وقت ڈیلکونہ پولیس تھانے میں کوئی اہلکار موجود نہیں تھا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعات کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔