نشانِ حیدر کا پہلا اعزاز پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کو پاک فوج کا خراج تحسین
کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی جنگِ کشمیر کے دوران تلپترا (آزاد کشمیر) کے مقام پر دشمن سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی : مسلح افواج اور قوم نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کو ان کے 78 ویں یومِ شہادت پر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کرتے ہوئے ان کی بے مثال شجاعت، بے باک قیادت اور وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (چیف آف دی آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز)، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (چیف آف دی ایئر اسٹاف)، ایڈمرل نوید اشرف (چیف آف دی نیول اسٹاف) اور مسلح افواج نے کیپٹن محمد سرور شہید کے ناقابلِ تسخیر جذبے اور حب الوطنی کو سلام پیش کیا۔
کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی جنگِ کشمیر کے دوران تلپترا (آزاد کشمیر) کے محاذ پر آزادیِ کشمیر کے لیے دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے محاذِ جنگ پر اپنے جوانوں کی آگے بڑھ کر قیادت کی اور غیر معمولی حربی مہارت و فرض شناسی کی تاریخ رقم کی، جس پر انہیں ملک کے سب سے اعلیٰ عسکری اعزاز “نشانِ حیدر” سے سرفراز کیا گیا۔
مسلح افواج کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کی یہ عظیم شہادت قوم کے لیے شجاعت اور سرفروشی کا ایک دائمی استعارہ ہے۔ ان کا یہ عظیم اقدام آنے والی نسلوں کو بھی ملک و ملت کے دفاع، وقار اور حریت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ بخشتا رہے گا۔