آزاد کشمیر میں انتخابات، بھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے
جموں و کشمیر اور لداخ سمیت وہ تمام علاقے جو اس وقت پاکستان کے غیر قانونی قبضے میں ہیں، انڈیا کا حصہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ
فائل فوٹو
نئی دہلی: بھارت کے دفترِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں ہونے والے انتخابات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں موجودہ انتخابی عمل محض ایک نمائشی مشق ہے، جس کا مقصد پاکستان کے ’غیر قانونی قبضے‘ اور خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’جیسا کہ انڈیا پہلے بھی واضح کر چکا ہے، پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری عوامی احتجاج، جن کی تازہ تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں، دراصل وہاں کے عوام کے معاشی استحصال، بنیادی حقوق سے محرومی اور انتظامی جبر کا براہِ راست نتیجہ ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’اس معاملے پر انڈیا کا مؤقف ہمیشہ سے واضح، مستقل اور سب کے علم میں ہے۔‘
ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ سمیت وہ تمام علاقے جو اس وقت پاکستان کے غیر قانونی قبضے میں ہیں، انڈیا کا حصہ ہیں۔