ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات کے دوران وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرہ، تل ابیب میں بھی احتجاجی مارچ

وائٹ ہاؤس کے ارد گرد سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے، سینکڑوں مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے قریبی راستوں پر جمع ہو کر فلسطین کے پرچم لہرائے اور نعرے بازی کی۔

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

واشنگٹن / تل ابیب:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی واشنگٹن میں ملاقات کے موقع پر وائٹ ہاؤس کے باہر فلسطینیوں کے حقوق کے حامی مظاہرین نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جاری جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کی فوری بندش کا مطالبہ کیا۔

وائٹ ہاؤس کے ارد گرد سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے، تاہم سینکڑوں مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے قریبی راستوں پر جمع ہو کر فلسطین کے پرچم لہرائے اور نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے امریکہ سے اسرائیل کو فراہم کی جانے والی امریکی فوجی امداد فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

Protesters hold up Palestinian flags near the White House in Washington, D.C., U.S., July 28, 2026

مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھے جن پر “اسرائیل کو ہتھیار دینا بند کرو”، “نیتن یاہو جنگی مجرم ہے” اور بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے وارنٹِ گرفتاری پر عملدرآمد کے مطالبات درج تھے۔

مظاہرین نے واضح کیا کہ فلسطین کی آزادانہ حیثیت کے بغیر خطے میں قائم کی جانے والی کوئی بھی یکطرفہ بات چیت یا معاہدہ قابِل قبول نہیں ہوگا۔

تل ابیب میں اسرائیلی آباد کاروں کے تشدد کے خلاف مظاہرہ

اسی اثنا میں مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کی بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں اور فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف خود اسرائیل کے شہر تل ابیب میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

مظاہرین نے مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں کی املاک کو نقصان پہنچانے، حملے کرنے اور زمینوں پر قبضے کے اقدامات کی شدید مذمت کی۔

Demonstrators hold up signs protesting against Israeli Prime Minister Netanyahu near the White House in Washington, D.C., U.S., July 28, 2026

 مظاہرین نے نیتن یاہو کی انتہا پسند حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی سرپرستی اور پالیسیوں کے باعث خطے میں کشیدگی اور مظالم میں بلاجواز اضافہ ہو رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کی اہم ملاقات کے موقع پر واشنگٹن سے لے کر تل ابیب تک عوام نے غزہ کی جنگ اور مغربی کنارے میں جاری تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔