اردن میں امریکی اڈوں پرحملے کی ایران کو بھاری قیمت چکانا ہو گی ، ٹرمپ کی دھمکی
عراق میں ایران کی حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف امریکہ اور سعودی عرب کے مشترکہ فضائی حملے عراقی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہ کر کیے گئے۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اردن میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کے بعد امریکہ ایران کو ’بہت سخت جواب دے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ نے (فاکس نیوز سے گفتگو میں) کہا ہے کہ اردن میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کے بعد امریکہ ایران کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔
فاکس نیوز کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ ہم انھیں سخت جواب دیں گے۔ انھیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے سخت زبان بھی استعمال کی۔
فاکس نیوز نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق میں ایران کی حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف امریکہ اور سعودی عرب کے مشترکہ فضائی حملے عراقی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہ کر کیے گئے۔
یاد رہے کہ اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی چند گھنٹے قبل رپورٹ کیا تھا کہ ملک کی فضائی دفاعی فورسز نے ایران سے داغے گئے پانچ میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔
یہ اعلان امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کے اس دعوے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کی جانب سے اردن کی سمت داغے گئے تمام میزائلوں کو کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا گیا۔